پاکستان کی مینز اور ویمنز ٹیموں نے قازقستان اور ہانگ کانگ کو دھول چٹا دی

چین میں شیڈول جونیئر ایشیاء کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان کی مرد اور خواتین ٹیموں نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے اپنے اپنے افتتاحی میچز میں حریف ٹیموں کو آؤٹ کلاس کر دیا۔
گرین شرٹس نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف فتوحات سمیٹیں بلکہ ایونٹ میں اپنی دھاک بھی بٹھا دی ہے۔
قازقستان کے خلاف پاکستان کی گولز کی برسات، 15-0 سے یکطرفہ مقابلہ
مینز جونیئر ایشیاء کپ ہاکی میں پاکستان الیون نے حریف ٹیم قازقستان کو سنبھلنے کا موقع ہی نہ دیا اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 15 گول سے عبرتناک شکست دی۔ پاکستان کی جانب سے فارورڈ لائن نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ اسٹار کھلاڑیوں رانا عبد السمیع اور رانا ولید نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ہیٹ ٹرکس سمیت 4، 4 گول داغے۔ ان کے علاوہ ندیم خان نے 2، جبکہ بشارات علی، غلام مصطفیٰ، علی انصر، محمد یحییٰ نجیب اور حمزہ علی نے ایک ایک بار گیند کو جال کی راہ دکھا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
ویمنز جونیئر ٹیم کی بھی تاریخی کامیابی، ہانگ کانگ چائنا چت
دوسری جانب، پاکستان جونیئر گرلز ہاکی ٹیم، جس کی ایونٹ میں شرکت کا باقاعدہ اعلان کیا گیا تھا، نے اپنے پہلے چیلنجرز پول میچ میں ہانگ کانگ چائنا کے خلاف 0-2 سے فتح حاصل کر کے سب کو حیران کر دیا۔ پاکستان خواتین ٹیم کی جیت کی اسٹار شارقہ رہیں، جنہوں نے بہترین ڈاجنگ اور اسپرنٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں شاندار گول اسکور کیے۔ دونوں ٹیموں کی اس جاندار شروعات پر پاکستان ہاکی کے حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
