بین الاقوامی مسافروں اور عمرہ زائرین کے لیے فضائی سفر پر نئی اور بڑی پابندی کا اعلان
کراچی: ایئرپورٹ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ (AHD) نے بیرونِ ملک سفر کرنے والے مسافروں اور بالخصوص عمرہ زائرین کے لیے سفری قوانین کو مزید سخت کرتے ہوئے نادرا کے ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ کے بغیر بین الاقوامی پروازوں پر بورڈ کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ جاری کردہ باقاعدہ نوٹیفکیشن کے مطابق، 14 ستمبر 2026 سے صرف نادرا کے مربوط ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈز (NADRA Integrated Digital Vaccination Cards) ہی قابلِ قبول ہوں گے اور پرانے مینوئل کارڈز کو یکسر مسترد کر دیا جائے گا۔ اس نئے ضابطے کے تحت تمام فضائی کمپنیوں (ایئرلائنز) کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ بورڈنگ پاس جاری کرنے سے قبل عمرہ زائرین اور دیگر مسافروں کے نادرا سرٹیفکیٹس کی آن لائن تصدیق کو ہر حال میں یقینی بنائیں۔
نئے سفری قوانین کے تحت بین الاقوامی مسافروں کے لیے پولیو، میننجائٹس (گردن توڑ بخار)، یلو فیور اور انفلوئنزا کی ویکسینیشن کرانا لازمی ہوگا، جس کے لیے وفاقی حکومت کی سول ڈسپنسری کو واحد مجاز مرکز نامزد کیا گیا ہے جبکہ ان ویکسینز کی فیسوں کی ادائیگی صرف نادرا کے ای-سہولت (e-Sahulat) پلیٹ فارم کے ذریعے کی جائے گی۔ مسافروں کی سہولت کے لیے ہوائی اڈے کے بین الاقوامی ڈپارچر ایریا میں بھی ہنگامی ویکسینیشن اور آن لائن رجسٹریشن کا عمل شروع کیا جا رہا ہے، تاہم ایئرپورٹ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے مسافروں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ جو لوگ ایئرپورٹ پر ویکسین لگوانے کے خواہشمند ہیں، وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا فلائٹ مس ہونے کے خدشے سے بچنے کے لیے اپنی طے شدہ پرواز کے وقت سے کم از کم 6 گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچنا یقینی بنائیں تاکہ تمام ڈیجیٹل مراحل بروقت مکمل کیے جا سکیں
