کراچی میں شدید گرمی کے بعد بادل برسنے کی پیشگوئی، 14 ستمبر سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان
کراچی: محکمہ موسمیات (PMD) نے شہرِ قائد کے باسیوں کو گرمی کی شدید لہر کے بعد بارشوں کی خوشخبری سنا دی ہے۔ تازہ ترین الرٹ کے مطابق، خلیج بنگال میں بننے والا نیا موسمیاتی نظام ‘ڈپریشن’ کی شکل اختیار کر رہا ہے، جس کے اثرات کے تحت 14 سے 16 ستمبر تک کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی اور معتدل بارش کا قوی امکان ہے
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق، بارشوں کے اس نئے سلسلے کے آغاز سے قبل شہر کو آئندہ دو روز تک شدید حبس اور گرمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جہاں سمندری ہوائیں بند ہونے یا کمزور پڑنے کے باعث پارہ 36 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے اور نمی کے اعلیٰ تناسب کی وجہ سے گرمی کی شدت (ہیٹ انڈیکس) اس سے بھی زیادہ محسوس ہوگی۔ تاہم، 14 ستمبر کی شام یا رات سے موسمیاتی نظام مغرب کی طرف بڑھے گا جس سے کراچی، تھرپارکر، بدین، ٹھٹھہ اور حیدرآباد سمیت دیگر مضافاتی علاقوں میں بادل جم کر برسیں گے اور موسم خوشگوار ہو جائے گا۔ محکمہ موسمیات نے ضلعی انتظامیہ اور شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ لیٹ مون سون کے اس سسٹم کے دوران اربن فلڈنگ اور تیز ہواؤں کے پیشِ نظر پیشگی حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں
