ایرانی عوام ہتھیار نہیں ڈالیں گے اور کبھی امریکا کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکیں گے: ایرانی صدر

3b2ea317 adab 4069 8285

نئی دہلی: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں واشنگٹن اور تل ابیب کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی عوام کبھی بھی کسی دشمن کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالیں گے اور نہ ہی دباؤ میں آ کر گھٹنے ٹیکیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران آج بیک وقت اسرائیل اور امریکہ کی مشترکہ جارحیت کے خلاف کامیابی کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔

برکس (BRICS) سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے بھارت کے دورے پر آئے ہوئے ایرانی صدر نے نئی دہلی میں مذہبی رہنماؤں، دانشوروں اور ممتاز کاروباری شخصیات کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کیا۔ انہوں نے مغربی طاقتوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "وہ ہمیں دھمکانا اور مسلسل دباؤ میں لانا چاہتے ہیں، لیکن ایران کسی کا دباؤ قبول نہیں کرے گا۔ اگر ہمیں پیچھے دھکیلنے کی کوشش کی گئی، تو ہم بھی اسی زبان میں بھرپور جوابی کارروائی کریں گے۔”

ایرانی صدر نے امریکہ اور اسرائیل کی جنگی حکمتِ عملی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کڑے سوالات اٹھائے۔ انہوں نے معصوم جانوں کے ضیاع کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ "امریکہ اور اسرائیل نے ایک ہی لمحے میں اسکول کے 168 بچوں کو شہید کر دیا، اور اس کے بعد وہ ہمیں دہشت گرد کہتے ہیں؟ حقیقت یہ ہے کہ وہ خود انسانوں کے قاتل ہیں۔” انہوں نے چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ "اگر آپ لوگوں میں ہمت ہے، تو اسکولوں، ہسپتالوں اور سائنسدانوں پر بزدلانہ بمباری کرنے کے بجائے براہِ راست فوجیوں اور عسکری اہلکاروں سے میدانِ جنگ میں لڑیں۔ آپ عوامی بنیادی ڈھانچے، لوگوں کے روزگار اور ان کے ذریعۂ معاش کو کیوں نشانہ بناتے ہیں؟”

واضح رہے کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا یہ اہم دورۂ بھارت ایک ایسے نازک وقت پر ہو رہا ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان مشرقِ وسطیٰ کے بحران کو لے کر شدید ترین تنازع جاری ہے۔