کراچی: گلشنِ معمار پولیس کی بڑی کارروائی، 3 رکنی ڈکیت گینگ اسلحہ اور مسروقہ سامان سمیت گرفتار
کراچی کے ضلع غربی (ڈسٹرکٹ ویسٹ) کی گلشنِ معمار پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران شہر میں سرگرم تین رکنی خطرناک ڈکیت گینگ کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ، موٹر سائیکلیں اور چھینا گیا سامان برآمد کر لیا ہے۔ ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق پولیس نے کریم روڈ کے قریب خفیہ معلوماتی بنیاد پر چھاپہ مار کر تین ملزمان کو دھر لیا جن کی شناخت محمد نعمان ولد اختر، محمد آصف ولد عبدالعلی اور روشن ولد ساجد کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے تین پسٹلز بمعہ ایمونیشن، شہریوں سے چھینی گئی نقدی اور موبائل فونز برآمد ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ ملزمان کے زیرِ استعمال دو موٹر سائیکلیں بھی ضبط کی گئی ہیں جو تھانہ گلشنِ معمار اور سائٹ سپر ہائی وے کے علاقوں سے چھینی گئی تھیں۔ دورانِ تفتیش ملزمان نے کراچی کے مختلف علاقوں میں درجنوں اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، جس کے بعد ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
