منشیات اسمگلنگ کے خلاف اے این ایف کا بڑا کریک ڈاؤن: کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن برآمد، ایک ملزم گرفتار
راولپنڈی : اینٹی نارکوٹکس فورس (ANF) نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کے دوران دو مختلف کامیاب کارروائیوں میں کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کر کے ایک اسمگلر کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق برآمد کی جانے والی 28.286 کلوگرام منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت 3 کروڑ 67 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
تفصیلات کے مطابق پہلی کارروائی لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کی گئی، جہاں شارجہ جانے والی پرواز کے ایک مسافر کو شک کی بنیاد پر روکا گیا۔ تلاشی اور طبی معائنہ کرنے پر ملزم کے پیٹ سے 70 ہیروئن بھرے کیپسول برآمد ہوئے، جن کا مجموعی وزن 286 گرام ہے۔ اے این ایف حکام نے اسمگلر کو موقع پر ہی گرفتار کر کے منشیات ضبط کر لی۔
دوسری کارروائی بلوچستان کے ضلع چاغی میں دالبندین کے قریب کی گئی، جہاں ایک مشکوک گاڑی کی تلاشی کے دوران خفیہ خانوں سے 28 کلوگرام اعلیٰ معیار کی کرسٹل ہیروئن برآمد کی گئی۔ ترجمان کے مطابق دونوں کارروائیوں کے بعد ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 (CNSA) کے تحت مقدمات درج کر کے باقاعدہ تفتیش اور نیٹ ورک کی تلاش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
