محبت کے آگے سیلاب بھی ہار گیا: فلپائن میں جوڑے نے گھٹنوں تک بھرے پانی میں شادی کر لی

منیلا: فلپائن میں شدید بارشوں اور گزشتہ ایک ماہ سے جاری بدترین سیلابی صورتحال کے باوجود ایک مہم جو جوڑے نے گھٹنوں تک بھرے پانی کے اندر شادی رچا کر سب کو حیران کر دیا ہے۔ دارالحکومت منیلا کے تاریخی ‘سینٹ جان دی بپٹسٹ چرچ’ میں چاروں طرف پانی جمع ہونے کے باوجود دلہن لیان لیزا گالانگ نے اپنا خوبصورت سفید عروسی لباس پہنا اور ہاتھ میں پھولوں کا گلدستہ تھامے انتہائی احتیاط سے سیلابی پانی کو عبور کرتے ہوئے چرچ پہنچیں، جہاں انہوں نے اپنے منگیتر گلبرٹ چیکو کے ساتھ زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا۔
اس انوکھے بیاہ کے موقع پر دولہا گلبرٹ چیکو کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس یادگار دن کے لیے طویل عرصے سے مکمل تیاریاں کر رکھی تھیں، اس لیے موسم کی خرابی یا چرچ میں پانی بھرنے جیسی مشکلات بھی ان کا راستہ نہیں روک سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان دونوں کو اس بات کی بالکل پرواہ نہیں تھی کہ پانی کی وجہ سے ان کا قیمتی گاؤن اور کوٹ بھیگ کر خراب ہو جائے گا، کیونکہ ان کے لیے شادی کی رسومات کا بروقت پورا ہونا سب سے زیادہ اہم تھا، جسے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔
