روبوٹ ویکیوم کلینر سے بیوی کی جاسوسی شوہر کو مہنگی پڑ گئی، طلاق اور ہرجانے کے بعد خود جیل جانے کا خطرہ

تائیوان میں ایک شہری کو سمارٹ روبوٹ ویکیوم کلینر کے ذریعے اپنی بیوی کی جاسوسی کرنا اس وقت مہنگا پڑ گیا جب عدالت نے اسے نجی زندگی میں مداخلت کا مجرم قرار دے دیا۔ اس شخص نے بیوی کو اس کے دوست کے ساتھ نجی لمحات میں دیکھ کر ویکیوم کلینر کی مدد سے خفیہ ویڈیو بنائی تھی، جسے بعد میں اس نے عدالت میں طلاق اور ہرجانے کے مقدمے میں بطور ثبوت پیش کیا۔
عدالت نے ابتداء میں شوہر کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے بیوی کو 5 لاکھ تائیوانی ڈالر ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا، تاہم یہ کامیابی اس وقت الٹ گئی جب بیوی نے بغیر اجازت ویڈیو ریکارڈ کرنے پر شوہر کے خلاف جوابی کیس دائر کر دیا۔ عدالت نے واضح کیا کہ رضامندی کے بغیر کسی کی نجی فلم بنانا قانوناً جرم ہے، جس کے باعث اب شوہر کو تائیوان کے قانون کے تحت 3 سال قید اور جرمانے کا سامنا ہے۔
