راولپنڈی میں ڈینگی کے 6 کنفرم کیسز رپورٹ

WhatsApp Image 2026 09 02 at 9.23.59 PM 1

راولپنڈی: محکمہ صحت نے راولپنڈی ضلع میں انسدادِ ڈینگی مہم کے تازہ ترین مانیٹرنگ اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے رواں سال اب تک صرف 6 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق امسال مجموعی طور پر 3 ہزار 450 شہریوں کی ڈینگی اسکریننگ کی گئی، جس میں سے 192 افراد کے ٹیسٹ منفی (نان ڈینگی) آئے۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ اب تک ضلع میں ڈینگی سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی اور اگست کے مہینے میں کوئی بھی نیا کیس سامنے نہیں آیا، جبکہ جولائی میں رپورٹ ہونے والے 4 مریضوں کا تعلق ڈھوک حسو جنوبی، کوٹھہ کلاں اور کونٹریلا سے تھا۔ فی الوقت ڈینگی کے شبہ میں 3 افراد ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں تاہم کسی بھی کنفرم مریض کو داخل کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

ڈینگی مچھر کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی ٹیموں نے پورے راولپنڈی میں ایک بڑا کریک ڈاؤن شروع کر رکھا ہے۔ فیلڈ سرویلنس کے دوران ڈینگی ایس او پیز کی سنگین خلاف ورزیوں اور لاروا ملنے پر 1 ہزار 973 ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں، 537 مقامات کو سیل اور 1 ہزار 778 مالکان کے چالان کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ قانون شکنی کرنے والوں پر مجموعی طور پر 21 لاکھ 24 ہزار روپے سے زائد کا جرمانہ بھی عائد کیا جا چکا ہے۔ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے محکمہ صحت کی 415 آؤٹ ڈور اور 985 انڈور ٹیمیں دن رات فیلڈ میں متحرک ہیں۔

سرکاری رپورٹ کے مطابق ان ٹیموں نے اب تک 42 لاکھ 96 ہزار سے زائد گھروں کا معائنہ کیا ہے جن میں سے 1 لاکھ 6 ہزار 993 گھروں میں مچھروں کی افزائش مثبت پائی گئی۔ مجموعی طور پر 14 لاکھ 81 ہزار سے زائد کھلے مقامات کی جانچ پڑتال کے دوران 17 ہزار 348 اسپاٹس سے خطرناک لاروا برآمد ہوا ہے۔ حکام نے یو سی گرجا، گلستان کالونی، رحیم آباد، ڈھوک حسو، مورگاہ، دھوک منگٹال، کلیال، کمال آباد اور ڈھیری حسن آباد کو لاروا کی افزائش کے حوالے سے انتہائی حساس قرار دیتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔