زمین کا تنازع: شوہر نے بیوی اور تین بچوں کو قتل کردیا

Capture

چنیوٹ کے نواحی علاقے نیکوکارہ میں پیش آنے والے اس لرزہ خیز واقعے کی تفصیلات کے مطابق، ملزم نواز کا اپنی گھریلو زندگی اور زمین کی منتقلی کے معاملے پر تنازع چل رہا تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزم نے گزشتہ ماہ 30 اگست کو طیش میں آکر اپنی بیوی کو قتل کیا اور وہاں سے تینوں معصوم بچوں کو اپنے ساتھ لے گیا۔

تحقیقات سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ سفاک ملزم نے بعد ازاں اپنے ساتھیوں کی مبینہ ملی بھکت سے تینوں بچوں کو بھی قتل کر دیا۔ بچوں میں علی نواز، صبا زہرہ اور ام بنین شامل ہیں جن کی عمریں 3 سے 8 برس کے درمیان ہیں۔ ملزم نے جرم پر پردہ ڈالنے کے لیے بچوں کی لاشیں قریبی قبرستان میں لے جا کر دفنا دیں۔

واقعے کا مقدمہ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں تھانہ صدر چنیوٹ میں پہلے ہی درج کیا جا چکا تھا۔ پولیس نے اس ہولناک انکشاف کے بعد قانونی کارروائی کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے ملزم اور اس کے سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے شروع کر دیے ہیں۔