سوات: 9 سالہ معصوم بچی مبینہ زیادتی کے بعد قتل، مقامی افراد اور خواتین کا شدید احتجاج

738873 49417908

سوات: خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کے سیاحتی علاقے مدین میں ایک انتہائی دلخراش واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں 9 سالہ معصوم بچی کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد بے دردی سے قتل کر دیا گیا ہے۔ اس ہولناک واقعے کے خلاف علاقے میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے اور مقامی افراد سمیت خواتین اور کم عمر بچیوں کی بڑی تعداد نے سڑکوں پر نکل کر شدید احتجاج کیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق، مقتولہ بچی کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ موصول ہو گئی ہے جس میں معصوم بچی کے ساتھ زیادتی کی تصدیق کی گئی ہے۔ پولیس نے واقعے میں ملوث ایک مبینہ ملزم کو حراست میں لے لیا ہے جس سے تھانے میں تفتیش کا عمل جاری ہے۔ دوسری جانب، واقعے کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین نے انصاف کی فراہمی کے لیے مدین کے مقام پر مرکزی کالام شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بلاک کر دیا، جس کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ معصوم بچی کے قاتل اور درندے کو عبرت ناک سزا دی جائے اور لواحقین کو فوری انصاف فراہم کیا جائے۔ مظاہرین نے متعلقہ انتظامیہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر ملزم کو کیفرِ کردار تک نہ پہنچایا گیا اور خاندان کو انصاف نہ ملا، تو اس احتجاج کا دائرہ کار پورے ضلع تک وسیع کر دیا جائے گا۔