ڈالا کلچر اب ختم ہونا چاہیے، ہر شخص گارڈز لے کر گھوم رہا ہے: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب

WhatsApp Image 2026 09 12 at 11.32.28 AM

کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سفاری پارک اور صفورا چورنگی کے قریب جامعہ کراچی کے اساتذہ پر مبینہ تشدد اور بدسلوکی کے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہر سے اب غیر قانونی ‘ڈالا کلچر’ کا مکمل خاتمہ ہونا ضروری ہے۔ مزارِ قائد پر حاضری کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہر دوسرا شخص نجی گارڈز اور ڈالا گاڑیاں لے کر سڑکوں پر گھوم رہا ہے، جس کی اب اجازت نہیں دی جا سکتی۔

جماعت اسلامی کی جانب سے پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف حالیہ احتجاج پر بات کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ عوام کا مقدمہ لڑنے کے بہانے عام شہریوں کو شدید تکلیف میں ڈالنا کسی صورت درست عمل نہیں ہے۔ انہوں نے جماعت اسلامی کو مشورہ دیا کہ وہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائے اور ایسی اہم شاہراہوں کو بلاک کرنے سے گریز کرے جہاں سے روزانہ لاکھوں گاڑیوں کا گزر ہوتا ہے، کیونکہ ٹریفک جام میں پھنسنے سے شہریوں کا مزید قیمتی پیٹرول ضائع ہوتا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ معاشی مسائل اور مہنگائی اس وقت پوری دنیا کا مسئلہ ہے جس کے اثرات پاکستان پر بھی آ رہے ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن کو پیشکش کی کہ "میں جماعت اسلامی کو احتجاج کے لیے کوئی اور متبادل جگہ فراہم کرنے کو تیار ہوں جہاں وہ اپنا جمہوری حق استعمال کریں، لیکن عوام کو یرغمال بنا کر سیاست کرنے کی حمایت کبھی نہیں کی جا سکتی۔”