میر رضا قتل کیس؛ بزنس پارٹنر اور وینڈر کے نام پولیس چالان میں شامل نہیں
کراچی: سٹی کورٹ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی کی عدالت کے روبرو ہائی پروفائل ‘میر رضا قتل کیس’ کی اہم سماعت ہوئی، جس کے دوران مقدمے میں نامزد مقتول کے بزنس پارٹنر احمد اور وینڈر عبداللہ کی جانب سے دائر کردہ ضمانت کی درخواستوں پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔
سماعت کے موقع پر دونوں بنیادی درخواست گزار ملزمان احمد اور عبداللہ سمیت کیس کے تفتیشی افسر (IO) ریکارڈ کے ہمراہ معزز عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ دورانِ سماعت کیس میں اس وقت نیا موڑ سامنے آیا جب دونوں ملزمان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے اپنے مؤکلین کی جانب سے دائر کی گئی درخواستِ ضمانت باقاعدہ طور پر واپس لے لی۔
درخواستیں واپس لیے جانے کے بعد عدالت نے دونوں ملزمان کی عبوری ضمانتیں خارج کر دیں، جس کے باعث تفتیشی ٹیم کے لیے ملزمان کے خلاف تحقیقات کو آگے بڑھانے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، پولیس میر رضا قتل کیس کے تمام تر مالی اور کاروباری پہلوؤں کی گہرائی سے تفتیش کر رہی ہے اور ملزمان سے اس سلسلے میں مزید پوچھ گچھ متوقع ہے۔
