وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کا آغاز: اسلام آباد میں سستا پیٹرول ملنا شروع، رجسٹریشن کا طریقہ کار جاری
اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت میں وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے تحت مستحق شہریوں کو رعایتی قیمت پر سستے پیٹرول کی فراہمی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اسکیم کے انتظامات اور شفافیت کا جائزہ لینے کے لیے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) نے رات دیر گئے اسلام آباد کے مختلف پیٹرول پمپس کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری آئی ٹی اور اسلام آباد انتظامیہ کے اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
سرپرائز وزٹ کے دوران وفاقی وزیر نے پیٹرول پمپس پر موجود شہریوں سے ملاقات کی اور اسکیم کے تحت رجسٹریشن اور فیول ریلیف کے حصول میں پیش آنے والے مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔ وفاقی وزیر نے عوام کو درست رجسٹریشن کے طریقہ کار کے حوالے سے اہم آگاہی فراہم کرتے ہوئے واضح کیا کہ اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے کامیاب رجسٹریشن بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ رجسٹریشن کا عمل صرف ایک بار ہی کیا جائے اور اسے بار بار دہرانے کی ضرورت نہیں ہے۔
شہریوں کی رہنمائی کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ پیٹرول پمپ آنے سے پہلے موبائل کے میسج آپشن میں TOK لکھ کر 9771 پر بھیجیں، جس کے بعد آپ کو ایک مخصوص ٹوکن موصول ہوگا۔ شہری پیٹرول پمپ پر یہ ٹوکن دکھا کر رعایتی پیٹرول حاصل کر سکتے ہیں۔ دورے کے موقع پر وفاقی وزیر نے انتظامیہ کو سخت احکامات جاری کیے کہ تمام اہلیت رکھنے والے رجسٹرڈ شہریوں تک سستے پیٹرول کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے، جبکہ پمپس پر سستا پیٹرول دینے میں ٹال مٹول یا انکار کرنے والے عناصر کے خلاف سخت مانیٹرنگ اور قانونی کارروائی کا حکم بھی دیا۔ دوسری جانب سستا پیٹرول ملنے پر شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور انہوں نے اس عوامی ریلیف پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا ہے۔
