آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری: بابر اعظم ٹاپ 10 سے باہر

WhatsApp Image 2026 09 02 at 9.24.12 PM

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں پاکستانی بیٹرز کو بڑا دھچکا لگا ہے، جہاں سابق کپتان بابر اعظم پانچ درجے تنزلی کے بعد ٹاپ 10 کی دوڑ سے باہر ہو کر 15ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔ بیٹنگ لسٹ میں انگلینڈ کے ہیری بروک اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں جبکہ آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ ایک درجے بہتری کے ساتھ دوسرے اور انگلینڈ کے جو روٹ تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ پاکستان کے سعود شکیل نے رینکنگ میں 15 درجے کی شاندار چھلانگ لگا کر 18ویں پوزیشن حاصل کی ہے، تاہم محمد رضوان 7 درجے گر کر 33ویں، کپتان شان مسعود 41ویں اور سلمان علی آغا 43ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔

دوسری جانب ٹیسٹ بولرز کی فہرست میں آسٹریلیا کے مچل اسٹارک بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری ایک درجے ترقی پا کر دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ انگلش بولر اولی رابنسن چھ درجے لمبی چھلانگ لگا کر پانچویں جبکہ سری لنکا کے اسیتھا فرنینڈو چار درجے بہتری کے ساتھ گیارہویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ پاکستانی بولرز میں محمد عباس 15ویں نمبر پر موجود ہیں، جبکہ انگلینڈ کے جوش ٹنگ 13ویں نمبر پر آ گئے ہیں اور گس اٹکنسن کو 10 درجے تنزلی کے بعد 24ویں پوزیشن پر جانا پڑا ہے۔