لاہور پولیس کی بڑی کارروائی: سمن آباد سے ملنے والا زخمی شیر کا بچہ ریسکیو، وائلڈ لائف کے حوالے
لاہور: لاہور کے علاقے سمن آباد میں ایک رہائشی خاتون کو زخمی حالت میں شیر کا بچہ ملا، جسے وہ فوری طور پر پولیس کے پاس لے آئیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کے مطابق، ‘لاہور پنجاب پولیس اینیمل ریسکیو سینٹر’ نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شیر کے بچے کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی اور اس کی جان بچائی۔
تفصیلات کے مطابق، اینیمل ریسکیو سینٹر لائے جانے کے بعد شیر کے بچے کے ایکسرے سمیت تمام ضروری طبی ٹیسٹ کروائے گئے تاکہ اندرونی چوٹوں کا پتا لگایا جا سکے۔ ابتدائی طبی امداد کی فراہمی اور حالت خطرے سے باہر ہونے کے بعد، شیر کے بچے کی بہتر دیکھ بھال اور محفوظ ماحول کے لیے وائلڈ لائف حکام سے رابطہ کیا گیا۔ پولیس اینیمل ریسکیو ٹیم نے قانونی ضابطے پورے کرنے کے بعد بچے کو باقاعدہ طور پر وائلڈ لائف رینجرز کے سپرد کر دیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے اس کامیاب آپریشن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی طرح بے زبان حیوانات کی حفاظت اور مدد کرنا بھی ہماری اولین ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ حیوانات سے متعلق کسی بھی مشکل یا ہنگامی صورتحال میں شہری بلا جھجھک پولیس اینیمل ریسکیو سینٹر سے رابطہ کر کے فوری مدد حاصل کر سکتے ہیں۔
