کامیاب خواتین کے کردار پر انگلی اٹھانا ناکام لوگوں کا شیوہ ہے، کنگنا رناوت کا راکھی ساونت کو کرارا جواب
ممبئی : اپنے بے باک اور متنازع بیانات کی وجہ سے سرخیوں میں رہنے والی بالی ووڈ اداکارہ اور بی جے پی کی رکنِ پارلیمنٹ کنگنا رناوت نے راکھی ساونت کے ایک حالیہ نازیبا تبصرے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ کنگنا رناوت نے راکھی ساونت کا نام لیے بغیر اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ایک تفصیلی اور کرارا جواب شیئر کیا ہے جو شوبز حلقوں میں توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
کنگنا رناوت نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ صرف یہی ایک شخص نہیں، بلکہ معاشرے کے زیادہ تر ناکام اور تلخ مزاج لوگ کامیاب خواتین کے کردار پر انگلی اٹھانے میں ہمیشہ جلدی کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے لوگ صرف اپنی حسد، ذاتی ناکامی اور انا کو تسلی دینے کے لیے دوسروں کی کردار کشی کرتے ہیں اور اپنے منفی رویے کو درست ثابت کرنے کی کوششوں میں مصروف رہتے ہیں۔
اداکارہ و سیاستدان نے خواتین کو بااختیار بننے کا مشورہ دیتے ہوئے لکھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم ایسے بار بار اور جان بوجھ کر کیے جانے والے حملوں کے سامنے خود کو کمزور سمجھنا چھوڑ دیں۔ ہمیں عوامی سطح پر کی جانے والی کردار کشی سے خود کو ذلیل یا دکھی محسوس کرنا بند کرنا ہوگا اور ہر ایک کو اپنے کردار کی وضاحتیں دینا چھوڑنی ہوں گی۔ سوشل میڈیا پر کنگنا رناوت کے اس بیانیے کو صارفین کی جانب سے کافی پزیرائی مل رہی ہے اور راکھی ساونت کے خلاف ان کے سخت موقف کی حمایت کی جا رہی ہے۔
