گاڑیوں کے شوقین افراد کے لیے بڑی خوشخبری: 2000 سی سی تک ہائبرڈ گاڑیوں پر سیلز ٹیکس میں بڑی کمی
اسلام آباد : وفاقی حکومت نے ملک میں آٹو سیکٹر اور ماحول دوست ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے ایک بڑا فیصلہ کرتے ہوئے مقامی طور پر تیار ہونے والی 2000 سی سی تک کی ہائبرڈ الیکٹرک گاڑیوں پر عائد سیلز ٹیکس میں نمایاں کمی کر دی ہے۔ وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق، ان مقامی ہائبرڈ گاڑیوں پر پہلے 25 فیصد سیلز ٹیکس لاگو تھا، جسے اب کم کر کے 18 فیصد کر دیا گیا ہے، جس سے گاڑیوں کی قیمتوں میں واضع کمی متوقع ہے۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ باقاعدہ نوٹیفکیشن کے مطابق، اس ٹیکس ریلیف کے لیے 8 مارچ 2023 کو جاری ہونے والے ایس آر او (SRO) نمبر 297 اور 8 مارچ 2024 کو جاری ہونے والے ایس آر او نمبر 370 میں قانونی ترمیم کر دی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے تحت ایس آر او 370 میں اس نئی مراعاتی ترمیم کو شامل کر لیا گیا ہے، جس کا مقصد پاکستان میں اسمبل ہونے والی جدید ہائبرڈ گاڑیوں کی پیداوار اور فروخت کو بڑھانا ہے۔ آٹو انڈسٹری کے ماہرین نے حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکس میں 7 فیصد کی یہ کمی عام صارفین کے لیے ریلیف اور ماحول دوست گاڑیوں کی خریداری میں اضافے کا باعث بنے گی۔
