لاہور: بیگم کوٹ میں پارٹی پِلز بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ، 23 کروڑ سے زائد کی منشیات سمیت مرکزی ملزم گرفتار
لاہور : پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے لاہور کے علاقے بیگم کوٹ میں ایک خفیہ آپریشن کے دوران پارٹی پِلز (منشیات کی گولیاں) بنانے والی فیکٹری کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔ حکام کے مطابق اس بڑے آپریشن میں پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کی لاہور اور قصور کی ٹیموں نے مشترکہ طور پر حصہ لیا اور کارروائی کے دوران گینگ کے مرکزی سرغنہ، جو ‘جناب’ کے نام سے معروف ہے، کو گرفتار کر لیا۔
فورس کے ترجمان کے مطابق فیکٹری سے 12 ہزار تیار ایکسٹیسی (Ecstasy) گولیاں برآمد کی گئی ہیں، جن کی عالمی مارکیٹ میں مالیت 3 کروڑ 60 لاکھ روپے سے زائد ہے۔ اس کے علاوہ چھاپے کے دوران 25 گرام آئس اور ایکسٹیسی گولیاں تیار کرنے کے لیے استعمال ہونے والا 40 کلو گرام اعلیٰ معیار کا خام مال بھی ضبط کیا گیا ہے۔ اس برآمد شدہ خام مال کی مالیت 20 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے، جو مزید ایک لاکھ منشیات کی گولیاں بنانے کے لیے کافی تھا۔
پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے فیکٹری کو سیل کر کے ملوث عناصر کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم ‘جناب’ سے تفتیش جاری ہے جس کے دوران تعلیمی اداروں اور نجی پارٹیوں میں منشیات سپلائی کرنے والے بڑے نیٹ ورک کے بے نقاب ہونے کی توقع ہے۔

