ضلع خیبر: باڑہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں خونریز جھڑپ، اہم کمانڈر قاری راشد عرف زید ہلاک

Screen Shot 2026 09 15 at 1.13.07 PM

پشاور : خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں اہم مبینہ دہشت گرد کمانڈر قاری راشد عرف زید کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ جھڑپ انٹیلیجنس کی بنیاد پر کیے جانے والے ایک آپریشن کے دوران پیش آئی۔

تفصیلات کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے باڑہ کے ایک خفیہ ٹھکانے پر دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر گھیراؤ کیا تو وہاں موجود مسلح عناصر نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ سیکیورٹی فورسز کی بھرپور اور مؤثر جوابی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں مطلوب دہشت گرد قاری راشد عرف زید مارا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والا کمانڈر قاری راشد عرف زید قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں، بھتہ خوری اور دہشت گردی کی متعدد سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا۔ جھڑپ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں دیگر دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے کے لیے بڑے پیمانے پر کلیئرنس اور سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ علاقے کے داخلی و خارجی راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔