سکھر اور خیرپور کچے میں پولیس کا بڑا آپریشن: 12 مغوی بازیاب، ڈاکوؤں کے ٹھکانے تباہ

WhatsApp Image 2026 09 01 at 2.28.14 PM

سکھر: سکھر اور خیرپور پولیس نے کچے کے علاقے باگڑجی میں مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے اغوا کاروں سے 12 مغویوں کو بازیاب کرا لیا ہے، جن میں سے 9 کا تعلق خیرپور اور 3 کا سکھر سے ہے۔ ایس ایس پی سکھر اظہر خان اور ایس ایس پی خیرپور حسن سردار کی قیادت میں 100 سے زائد اہلکاروں نے اس کارروائی میں حصہ لیا، جہاں فضائی نگرانی کے لیے ڈرونز اور زمینی پیش قدمی کے لیے 5 بکتر بند گاڑیاں استعمال کی گئیں۔

ڈاکوؤں کی جانب سے راکٹ لانچرز اور مشین گنز سے شدید فائرنگ اور گھنے جنگلات کی رکاوٹوں کے باوجود پولیس نے بدنام زمانہ ڈاکو رجب جتوئی کے مرکزی اڈے سمیت کئی ٹھکانے تباہ کر دیے۔ اس مسلح معرکے میں مختلف گینگز کے 6 ڈاکو شدید زخمی ہوئے جبکہ پولیس نے متعدد اہم ملزمان کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کامیاب کارروائی پر پولیس کو سراہتے ہوئے کہا کہ کچے میں ریاستی رٹ قائم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق علاقے سے جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے کے لیے آپریشن کا اگلا مرحلہ بھی جلد شروع کیا جائے گا۔