پشاور: گھر میں گھس کر خواتین سے مبینہ گینگ ریپ کرنے والے 4 ملزمان گرفتار
پشاور کے علاقے رنگ روڈ پر مسلح افراد کی جانب سے گھر میں گھس کر شوہروں کو باندھنے اور خواتین کو مبینہ طور پر گینگ ریپ کا نشانہ بنانے کا انتہائی افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، یہ واردات رنگ روڈ پر واقع رحمان بابا تھانے کی حدود میں پیش آئی، جہاں مسلح ملزمان ایک گھر میں زبردستی داخل ہوئے اور وہاں موجود مردوں (شوہروں) کو رسیوں سے باندھ کر خواتین کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ ملزمان اس گھناؤنے فعل کے بعد خواتین کے موبائل فونز بھی اپنے ساتھ لوٹ کر لے گئے۔
ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کی اور واردات میں ملوث چاروں ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ یہ لرزہ خیز واقعہ ایک معصوم بچی کی موجودگی میں پیش آیا، جس کے باعث مقدمے میں عمومی دفعات کے ساتھ ساتھ ‘چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ’ کی سخت دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔
