10 سے زائد مسلح ڈاکو گاہکوں سمیت 25 افراد کا مال لوٹ کر لئے گئے

کراچی: ڈسٹرکٹ ملیر کے علاقے سکھن، بھینس کالونی روڈ نمبر 5 پر واقع ‘مصطفیٰ جنرل اینڈ میڈیکل اسٹور’ میں اتوار کی شام مسلح جرائم پیشہ عناصر نے لوٹ مار کی ایک بڑی واردات کو انجام دیا۔ 10 سے زائد ہتھیار بند ڈاکو دکان میں داخل ہوئے اور وہاں موجود عملے سمیت تقریباً 25 شہریوں کو یرغمال بنا کر قیمتی سامان اور نقد رقم چھین کر باآسانی فرار ہو گئے۔ ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کے صدر شاکر عمر گجر نے اس کھلے عام ڈکیتی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تاجروں کے تحفظ کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
اس سنسنی خیز واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ چکی ہے، جس میں ملزمان کو بغیر کسی خوف کے واردات کرتے ہوئے صاف دیکھا جا سکتا ہے۔ مقامی لوگوں نے سیکیورٹی انتظامات پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ چند روز قبل ہی سکھن تھانے میں 100 کیمروں سے لیس کمانڈ اینڈ کنٹرول روم فعال کیا گیا تھا، مگر اس کے باوجود ضلع ملیر میں لاقانونیت کا راج برقرار ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اسٹریٹ کرمنلز کو نہ تو پولیس کا کوئی ڈر ہے اور نہ ہی وہ سیکیورٹی کیمروں کی پرواہ کرتے ہیں، جس کی وجہ سے تاجر برادری خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہی ہے۔
