وفاقی اسپتالوں میں طبی عملے کی شدید قلت؛ 2100 سے زائد آسامیاں خالی ہونے کا انکشاف

WhatsApp Image 2026 09 01 at 2.27.06 PM

اسلام آباد: وفاق کے زیر انتظام چلنے والے 7 بڑے سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی شدید کمی کا انکشاف ہوا ہے۔ پارلیمنٹ میں پیش کی گئی سرکاری دستاویزات کے مطابق، ان اسپتالوں میں کل 5 ہزار 602 آسامیاں منظور شدہ ہیں، لیکن اس وقت صرف 3 ہزار 494 ملازمین فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ 2 ہزار 108 آسامیاں خالی پڑی ہیں۔

دستاویز کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے سب سے بڑے اسپتال پمز (PIMS) میں 2 ہزار 453 آسامیوں کے مقابلے میں صرف 1419 کا عملہ تعینات ہے۔ اسی طرح پولی کلینک اسپتال میں 1132 آسامیوں میں سے 893 پر ملازمین کام کر رہے ہیں، جبکہ کینسر اسپتال ‘نیرم’ میں 161 آسامیوں پر 132 اور وفاقی جنرل اسپتال کی 212 آسامیوں کے مقابلے میں صرف 165 ملازمین موجود ہیں۔

وفاق کے دیگر طبی مراکز میں لاہور کے شیخ زید اسپتال کی 1216 آسامیوں میں سے صرف 793 پر عملہ ڈیوٹی پر ہے۔ مزید برآں، ضلعی محکمہ صحت کی 125 آسامیاں خالی پڑی ہیں جبکہ راولپنڈی کے وفاقی ٹی بی سینٹر میں بھی 11 اسامیوں پر کوئی تعیناتی نہیں کی جا سکی۔ عملے کی اس بڑی قلت کے باعث سرکاری اسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ مسلسل بڑھ رہا ہے۔