راولپنڈی اور اسلام آباد میں طوفانی بارشیں: پانی کی سطح بلند ہونے پر راول ڈیم کے اسپل ویز کھولنے کا فیصلہ
راولپنڈی: وفاقی دارالحکومت اور اس کے قریبی علاقوں میں جاری مسلسل موسلا دھار بارشوں کے بعد راول ڈیم میں پانی کا بہاؤ خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے، جس کے بعد انتظامیہ نے ڈیم کے اسپل ویز کھولنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈیم میں پانی کی سطح 1751.90 فٹ تک پہنچ چکی ہے۔ اس ہنگامی صورتحال کے پیشِ نظر آج یکم ستمبر کی صبح 11 بجے اسپل ویز کھول کر اضافی پانی کا اخراج شروع کر دیا گیا ہے۔
پانی کے تیز بہاؤ اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے ریسکیو 1122، پولیس اور دیگر امدادی اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔ متعلقہ محکموں کو سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ اسپل ویز کھولنے کے عمل کے دوران ندی نالوں کے اطراف سیکیورٹی اور تمام ضروری حفاظتی انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب انتظامیہ نے ندی نالوں کے قریبی علاقوں کے رہائشیوں اور عام شہریوں کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پانی کے تیز بہاؤ والے راستوں اور نشیبی علاقوں کی طرف جانے سے سخت گریز کریں۔ انتظامیہ نے شہریوں کو ممکنہ نقصانات سے محفوظ رہنے کے لیے تمام احتیاطی تدابیر فوری طور پر اختیار کرنے کی تاکید کی ہے۔
