اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے دنیا کا نیا عالمی نقشہ اپنانے کی قرارداد منظور کرلی

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ایک نئے عالمی نقشے کو اپنانے کی قرارداد منظور کرلی ہے، جس میں براعظموں اور ممالک کے حجم کو پہلے سے زیادہ درست انداز میں دکھانے کی کوشش کی گئی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق افریقی ممالک اور بہاماس کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کے حق میں 164 ممالک نے ووٹ دیا، جبکہ ایک ملک نے مخالفت کی اور 6 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
رپورٹ کے مطابق یہ قرارداد ٹوگو کی قیادت میں جاری مہم کا حصہ تھی، جس کا مقصد صدیوں سے استعمال ہونے والے روایتی عالمی نقشے میں افریقا کے حقیقی حجم کو زیادہ درست انداز میں اجاگر کرنا ہے۔
نئے نقشے کے حامیوں کا مؤقف ہے کہ روایتی نقشہ سازی میں بعض جغرافیائی علاقوں، بالخصوص افریقا، کے حجم کو ان کی اصل جسامت کے مقابلے میں کم دکھایا جاتا رہا ہے۔
اقوام متحدہ میں قرارداد کی منظوری کو عالمی نقشہ سازی میں جغرافیائی حقیقت کو زیادہ درست انداز میں پیش کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
