آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا میں جھیلیں پھٹنے کا خدشہ، سیلاب کا الرٹ جاری

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک میں جاری مون سون بارشوں اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے پیشِ نظر گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے لیے جھیلوں کے پھٹنے اور سیلاب کا شدید الرٹ جاری کر دیا ہے۔ گلیشیئرز تیزی سے پگھلنے کی وجہ سے غذر، ہنزہ، نگر، شگر، گلگت، روندو، دیامر، استور، سکردو، گانچھے، کھرمنگ اور وادی نیلم کے علاقوں کو انتہائی حساس قرار دیتے ہوئے ندی نالوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) نے خطہ پوٹھوہار اور بالائی خیبر پختونخوا کے لیے بھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ اس الرٹ کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور پشاور سمیت دیگر ملحقہ اضلاع میں شدید برسات کا امکان ہے، جس کے باعث شہری علاقوں میں ارربن فلڈنگ اور پہاڑی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ نشیبی علاقوں، گلیشیئرز اور برساتی نالوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت اور سفر سے سخت گریز کریں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ پانی کی سطح میں اچانک اضافے یا پانی میں مٹی کے رنگ کی غیر معمولی تبدیلی کی صورت میں فوری طور پر مقامی انتظامیہ کو مطلع کریں، جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
