ن لیگ کے ساتھ اتحاد سے پیپلز پارٹی کو نقصان پہنچا،سابق وزیراعظم آزاد کشمیر

WhatsApp Image 2026 09 02 at 9.24.21 PM

مظفرآباد: سابق وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے وفاقی حکومت اور مسلم لیگ (ن) کے سیاسی رویے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک و ریاست کی خاطر قربانیاں دی ہیں، لیکن ن لیگ کے ساتھ اتحاد کے نتیجے میں پارٹی کو سیاسی طور پر نقصان اٹھانا پڑا۔ مظفرآباد میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں صاف نظر آ رہا ہے کہ پاکستان کے سیاسی حالات اب تیزی سے تبدیلی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سات ماہ کے دوران وفاق نے آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے اور نہ ہی اس طرح سپورٹ کیا جس کی توقع تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ریاست کے مفاد کو سیاست پر ترجیح دی اور خطے کے حالات کو سدھارنے کی مخلصانہ کوششیں کیں، لیکن اس کے برعکس مسلم لیگ (ن) نے ریاست کو پسِ پشت ڈال کر صرف اپنی سیاست چمکانے کو اہمیت دی۔

فیصل ممتاز راٹھور نے آزاد کشمیر کے انتخابی عمل اور موجودہ بحران پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پانچ جون کو الیکشن کا شیڈول آنے کے بعد تمام اختیارات الیکشن کمیشن کے پاس چلے گئے تھے۔ انہوں نے عوام کا سیاسی نظام پر اعتماد بحال کرنے کے لیے کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) بلائی اور وسیع مشاورت کی، لیکن افسوس کے ساتھ اس کانفرنس میں ان کے مؤقف کو نہیں سنا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے موجودہ بحران کو سمجھنے کی ضرورت ہے کیونکہ چند سال قبل یہاں ایک ایسا نظام مسلط کیا گیا تھا جسے عوام نے قبول نہیں کیا، تاہم پیپلز پارٹی نے تمام تر تحفظات اور احتجاجی لہر کے باوجود عوام کے مسائل کو حل کر کے سیاسی اعتماد بحال کیا۔