صدر مملکت آصف علی زرداری وطن واپس پہنچ گئے
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اپنا دورہ برطانیہ مکمل کرنے کے بعد لندن سے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ ایوانِ صدر کے حکام نے صدرِ پاکستان کی وطن واپسی کی باقاعدہ تصدیق کر دی ہے۔
اس سے قبل لندن سے روانگی کے وقت جب میڈیا کی جانب سے صدر آصف علی زرداری سے ان کی طبیعت کے بارے میں سوال پوچھا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ اللہ کا فضل ہے، لندن میں اچھا وقت گزرا ہے۔ صدر زرداری کو طے شدہ شیڈول کے مطابق گزشتہ روز وطن واپس پہنچنا تھا، تاہم برطانیہ میں ائیر ٹریفک کنٹرول سسٹم میں اچانک پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی کے باعث ان کی پرواز اور وطن واپسی مؤخر ہو گئی تھی۔
واضح رہے کہ لندن میں قیام کے دوران صدر آصف علی زرداری سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اہم ملاقات کی تھی، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی لندن میں صدر پاکستان سے ملاقات کر کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
