پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے پر گڈز ٹرانسپورٹرز کا شدید ردِعمل، کرایوں میں 5 فیصد مزید اضافے کا اعلان
کراچی: آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز کی جانب سے اس کی سخت مذمت کی ہے۔ ایک خصوصی ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے انہوں نے مال بردار گاڑیوں (گڈز ٹرانسپورٹ) کے کرایوں میں 5 فیصد مزید اضافے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔
ملک شہزاد اعوان نے قیمتوں کے اعداد و شمار بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 4 روز کے دوران ڈیزل کی قیمت میں 20 روپے اور پٹرول کی قیمت میں 24 روپے فی لیٹر کا بڑا اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ اس سے قبل 20 اگست سے 7 ستمبر تک بھی دونوں ایندھنوں کی قیمتوں میں 23 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا تھا جس پر ٹرانسپورٹرز پہلے ہی 5 فیصد کرائے بڑھا چکے تھے۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کے فیصلے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
صدر گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگست میں ہونے والی ملک گیر ہڑتال کے دوران وزیرِ پٹرولیم نے یقین دہانی کرائی تھی کہ قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردو بدل نہیں کیا جائے گا، جس پر ٹرانسپورٹرز نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے معاہدے کے بعد ہڑتال کو 40 دن کے لیے مؤخر کیا تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کا مانگا ہوا 40 دن کا وقت اگلے ہفتے ختم ہو رہا ہے، اور اگر وفاقی و صوبائی حکومتوں نے دسمبر اور اگست کی ہڑتالوں کے دوران کیے گئے وعدوں پر عملدرآمد نہ کیا تو ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز دوبارہ ملک گیر ہڑتال پر چلے جائیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر پٹرول مہنگا کرنا حکومت کی مجبوری ہے، تو ٹرانسپورٹ سیکٹر کو ود ہولڈنگ ٹیکس اور ٹول ٹیکس سمیت دیگر سرکاری ٹیکسوں میں فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔
