وائرل ویڈیو میں نظر آنے والے افراد اداکار ہیں، سندھ پولیس نے اہلکار ہونے کی تردید کر دی

WhatsApp Image 2026 09 14 at 4.54.29 PM

سندھ پولیس کے دفترِ تعلقاتِ عامہ نے سوشل میڈیا پر پولیس یونیفارم میں ملبوس چند افراد کی وائرل ہونے والی ویڈیو پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے اس کی باقاعدہ تردید اور وضاحت جاری کر دی ہے۔ ترجمان سندھ پولیس کے مطابق انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں نظر آنے والے افراد دراصل اداکار ہیں، جو ایک اسٹوڈیو کے اندر کسی پراجیکٹ کی ریکارڈنگ کے سلسلے میں موجود تھے اور ان کا محکمہ سندھ پولیس سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہے۔ ترجمان نے واضح کیا ہے کہ ویڈیو میں موجود افراد کو سندھ پولیس کے افسران یا اہلکاروں سے منسوب کرنا سراسر حقائق کے منافی، بے بنیاد اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔

ترجمان سندھ پولیس نے ذرائع ابلاغ کے اداروں اور سوشل میڈیا صارفین سے پرزور اپیل کی ہے کہ فلم بندی یا کسی بھی ڈرامائی مواد کی تیاری کے دوران پولیس یونیفارم یا کسی بھی سرکاری ادارے کی نمائندگی سے متعلق پیشہ ورانہ، اخلاقی اور ذمہ دارانہ تقاضوں کو لازمی ملحوظِ خاطر رکھا جائے تاکہ کسی بھی سرکاری ادارے، عہدے یا شخصیت کے بارے میں معاشرے میں کوئی غلط تاثر پیدا نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل اور مواد کی تشہیر سے مکمل گریز کیا جائے جو کسی ادارے کی ساکھ کو متاثر کرنے یا عوام میں بے چینی پھیلانے کا باعث بن سکتا ہو۔