کراچی: ڈیفنس فیز 2 میں بینک سے 16 لاکھ روپے نکال کر جانے والا شہری لٹ گیا، مسلح ملزمان فرار
کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 2 میں دن دہاڑے ڈکیتی کی ایک بڑی واردات پیش آئی ہے جہاں بینک سے بھاری رقم لے کر نکلنے والے ایک شہری کو چار مسلح ملزمان نے اسلحے کے زور پر لوٹ لیا۔ دستیاب اطلاعات کے مطابق متاثرہ شہری کے ایف سی کے قریب واقع ایک بینک سے سولہ لاکھ روپے کی رقم نکاح کر باہر نکلا تھا کہ راستے میں حیسکول پیٹرول پمپ کے نزدیک موٹر سائیکل پر سوار چار مسلح نقاب پوش ملزمان نے اسے گھیر لیا اور زبردستی روک لیا۔
ملزمان نے اسلحے کے بوتے پر شہری کو خوفزدہ کیا اور اس سے سولہ لاکھ روپے نقد رقم چھین کر باآسانی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ دن دہاڑے پیش آنے والے اس ڈکیتی کے واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس حکام نے موقع کا معائنہ کر کے کے ایف سی اور پیٹرول پمپ کے اطراف لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرنے اور فنگر پرنٹس سمیت دیگر ابتدائی شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں ناکہ بندی سخت کر کے فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے اور اس لرزہ خیز واردات کو جلد ٹریس کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
