عالمی اسپورٹس سٹیز رینکنگ: نیویارک دنیا کا بہترین کھیلوں کا شہر قرار، پاکستان کا کوئی شہر شامل نہیں
نیویارک : سوئس ادارے برسن (Burson) کی جانب سے سال 2026 کے لیے دنیا کے 100 بہترین اسپورٹس شہروں کی رینکنگ جاری کر دی گئی ہے، جس میں امریکی شہر نیویارک پہلے نمبر پر رہا ہے ۔ اس عالمی فہرست میں دنیا بھر سے کھیلوں سے مضبوط تعلق رکھنے والے 100 شہروں کو شامل کیا گیا ہے، تاہم پاکستان کا کوئی بھی شہر اس باوقار فہرست میں شامل نہیں ہو سکا.
رینکنگ کے مطابق، فرانسیسی دارالحکومت پیرس مسلسل تین سال تک پہلی پوزیشن پر رہنے کے بعد اس سال دوسرے نمبر پر چلا گیا ہے، جبکہ لاس اینجلس تیسرے، لندن چوتھے اور ہسپانوی شہر میڈرڈ پانچویں نمبر پر موجود ہیں ۔ نیویارک کی رینکنگ میں اس غیر معمولی بہتری کی بڑی وجوہات میں وہاں ہونے والی این بی اے (NBA) چیمپئن شپ اور فیفا ورلڈ کپ فائنل کی میزبانی شامل ہیں ۔ اسپورٹس سٹیز رینکنگ کی تیاری میں دنیا بھر کے کھیلوں کے ماہرین، اسپورٹس میڈیا، عالمی کھیلوں کے رہنماؤں کی آراء سمیت سوشل میڈیا اور میڈیا کوریج کے تفصیلی تجزیے کو شامل کیا گیا ہے.
فہرست کے دیگر نمایاں شہروں میں بارسلونا چھٹے، میلان ساتویں، لوزان آٹھویں، مانچسٹر دسویں، واشنگٹن گیارہویں اور میامی بارہویں نمبر پر براجمان ہیں ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کے شہروں کی بات کی جائے تو ٹوکیو سولہویں، سڈنی چوبیسویں اور دبئی انتیسویں نمبر پر موجود ہیں ۔ بھارت کا شہر ممبئی 51 ویں اور نئی دہلی 65 ویں نمبر پر ہیں، جبکہ سعودی عرب کا دارالحکومت ریاض 68 ویں اور جدہ 98 ویں نمبر پر رہے ۔ جنوبی افریقا کا شہر کیپ ٹاؤن 85 ویں اور جاپان کا شہر ساپورو 99 ویں نمبر پر موجود ہے
