کے پی کے میں رواں سال 478 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق، پشاور سب سے آگئے

پشاور: خیبرپختونخوا میں ڈینگی وائرس کے وار تیز ہو گئے ہیں، جہاں رواں سال کے دوران اب تک 478 افراد میں اس بیماری کی تصدیق ہو چکی ہے۔ محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق صوبے کے مختلف سرکاری اسپتالوں میں مجموعی طور پر 2 ہزار 697 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے، تاہم اب تک کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران صورتحال مزید تشویشناک ہوئی ہے، جس میں 620 مشتبہ مریضوں میں سے 83 افراد کا ڈینگی ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ صوبائی دارالحکومت پشاور 177 کیسز کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ کوہاٹ 151 مریضوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق بنوں میں 31، ہری پور میں 21 اور سوات میں اب تک ڈینگی کے 10 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے محکمہ صحت نے صوبے بھر میں انسدادِ ڈینگی مہم تیز کر دی ہے، جس کے تحت 2 لاکھ 46 ہزار سے زائد گھروں کی تلاشی کے دوران 600 مقامات پر ڈینگی کا لاروا برآمد ہوا۔ اس کے علاوہ 22 ہزار سے زائد آؤٹ ڈور مقامات کی چیکنگ بھی کی گئی، جہاں 304 کھلی جگہوں پر لاروا مثبت پائے جانے کے بعد اسے تلف کرنے کی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
