نوشکی میں سفاکیت؛ 8 سالہ معصوم بچی کو زیادتی اور تشدد کے بعد قتل کر دیا گیا، ایک ملزم گرفتار
نوشکی میں سفاکیت؛ 8 سالہ معصوم بچی کو زیادتی اور تشدد کے بعد قتل کر دیا گیا، ایک ملزم گرفتار
کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع نوشکی کے علاقے احمد وال میں ایک انتہائی لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک 8 سالہ بچی کو مبینہ طور پر درندگی اور تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر دیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق، ملزمان نے جرم چھپانے کے لیے بچی کی لاش کو خفیہ طور پر دفنا دیا تھا، تاہم اطلاع ملنے پر انتظامیہ نے قانونی کارروائی کے لیے لاش کو قبر سے نکالا اور پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا۔ اس اندوہناک واقعے کے بعد مقتولہ کے اہل خانہ نے مقدمہ درج کروا کر ملزمان کو عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب، صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی رخشان ڈویژن اور ایس پی نوشکی سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیر داخلہ کے معاون بابر یوسفزئی کے مطابق، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تمام ملوث عناصر کو کٹہرے میں لانے کے سخت احکامات دیے گئے ہیں۔ ایس پی نوشکی سلیم شاہوانی نے بتایا کہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی کارروائی میں ملوث ایک ملزم کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ واقعے کے اصل حقائق پوسٹ مارٹم کی حتمی رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گے۔
