پشاور: شوہر نے سسرالیوں کے کہنے پر بیوی کو سڑک پر قتل کر دیا

WhatsApp Image 2026 09 02 at 9.25.13 PM 4

پشاور کے علاقے رام پورہ گیٹ میں ایک شخص نے اپنے ہی خاندان کی ایما پر ننھے بچوں کی ماں کو سرِعام سڑک پر فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کی اور ایس پی سٹی ڈویژن شاہد عدنان کی ہدایت پر بننے والی خصوصی ٹیم نے چند گھنٹوں میں مقتولہ کے شوہر زوہیب سمیت اس کے پورے خاندان کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کر لیا۔ پولیس نے مقتولہ کے والد نجم اقبال کی مدعیت میں تھانہ شہید گلفت حسین میں قتل کا مقدمہ درج کر کے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا ہے۔

دورانِ تفتیش مرکزی ملزم زوہیب نے اعترافِ جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے اپنی ماں، بھائی زبیر اور بہن کے کہنے پر بیوی کو قتل کیا ہے۔ ملزم نے ابتدائی بیان میں قتل کو غیرت کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے مقتولہ پر نازیبا الزامات عائد کیے۔ پولیس نے کامیاب کارروائی کے دوران قتل میں معاونت کرنے والے شوہر کے گھر والوں کو دھر لیا ہے اور ان کے قبضے سے آلہ قتل اور واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کر لی ہے، جبکہ واقعے کے اصل حقائق جاننے کے لیے مزید قانونی تفتیش جاری ہے۔