کراچی: پولیس کانسٹیبل کا قاتل اور خطرناک ڈاکو ایوب برمی پولیس مقابلے میں ہلاک

5bac63fd2c827

کراچی کے ضلع کورنگی میں شاہین فورس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث انتہائی مطلوب اور خطرناک ڈاکو کو مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کر دیا ہے۔

ترجمان ضلع کورنگی پولیس کے مطابق، پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان یہ مقابلہ تھانہ کورنگی انڈسٹریل ایریا کی حدود میں واقع ملیر ندی، کاز وے روڈ کے قریب پیش آیا۔ ملزمان اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران ایک ملزم گولی لگنے سے موقع پر ہی ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔

پولیس حکام نے ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت ایوب برمی عرف جھنڈو ولد ابو الحسن کے نام سے کی ہے۔ پولیس کے مطابق، ہلاک ملزم انتہائی خطرناک جرائم پیشہ تھا، جس نے گزشتہ روز 05 ستمبر کو ایک پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ کر کے پولیس کانسٹیبل اویس تنولی کو شدید زخمی کر دیا تھا، جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے تھے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ ہلاک ملزم کا طویل مجرمانہ ریکارڈ سامنے آیا ہے اور اس کے خلاف مختلف تھانوں میں متعدد سنگین مقدمات درج ہیں، جن کی مزید تصدیق کی جا رہی ہے۔ ملزم کے قبضے سے ایک عدد 9mm پستول اور دو مسروقہ موبائل فونز برآمد ہوئے ہیں۔ پولیس کے پاس ہلاک ملزم کی شہر کے مختلف علاقوں میں کی جانے والی ڈکیتی کی وارداتوں کی سی سی ٹی وی (CCTV) فوٹیجز بھی موجود ہیں۔

کورنگی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور نیٹ ورک کے دیگر کارندوں کی گرفتاری کے لیے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔