تاجر میر رضا کیس: فارنزک رپورٹ سے متعلق میڈیا اطلاعات پر سندھ پولیس کی وضاحت

mir222 696x342 1

ترجمان سندھ پولیس نے تاجر میر رضا کیس کی فارنزک رپورٹ سے متعلق میڈیا اور مختلف فورمز پر نشر ہونے والی بعض اطلاعات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے حقائق پر مبنی تفصیلی وضاحت جاری کر دی ہے۔ پولیس ترجمان نے ان افواہوں کو سراسر غلط اور حقائق کے منافی قرار دیا ہے جن میں یہ تاثر دیا جا رہا تھا کہ جائے وقوعہ سے ملنے والا پستول کا خول تاخیر سے جمع کرایا گیا یا وہ واردات میں استعمال ہونے والا خول نہیں تھا۔

ترجمان سندھ پولیس کے مطابق، جائے وقوعہ سے برآمد ہونے والا گولی کا خول 07 اگست کو باقاعدہ میمو کے ذریعے فارنزک سائنس لیبارٹری کو موصول ہوا تھا، جس کی رپورٹ محکمہ فارنزک نے محض تین دن بعد یعنی 10 اگست کو جاری کر دی تھی۔ یہ فارنزک رپورٹ شروع ہی سے کیس فائل کا باقاعدہ حصہ رہی ہے اور اسے ابتدائی ضمنی چالان سمیت سندھ ہائی کورٹ کمیشن میں جمع کرائی گئی دستاویزات میں بھی شامل کیا گیا ہے۔

WhatsApp Image 2026 09 09 at 1.22.06 PM

وضاحتی بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ فارنزک لیبارٹری نے اس معاملے میں متعلقہ اسلحہ ڈیلر کی غفلت کی نشاندہی کی ہے، جس کی روشنی میں اس کے خلاف قانونی کارروائی کی سفارش بھی کی جا چکی ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ واردات میں استعمال ہونے والا خول کیس کے تفتیشی افسر (IO) نے خود فارنزک لیبارٹری میں جمع کرایا تھا، تاہم واردات میں استعمال ہونے والے پستول کی برآمدگی کے بعد خول کی تصدیق کا عمل ایک بار پھر دہرایا جائے گا۔

سندھ پولیس نے کیس کی حساسیت کے پیشِ نظر میڈیا کے نمائندوں سے گزارش کی ہے کہ وہ اس کیس سے متعلق کسی بھی خبر یا رپورٹ کی اشاعت سے قبل حقائق اور متعلقہ اداروں سے تصدیق کو یقینی بنائیں، تاکہ غیر مصدقہ، گمراہ کن اور افواہ پر مبنی اطلاعات کی تشہیر سے گریز کیا جا سکے۔