ہری پور: معصوم آیت نور کے گھر بہن کی پیدائش، والدین نے دوسری بیٹی کا نام بھی آیت نور رکھ دیا
خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور میں بہیمانہ قتل کا شکار ہونے والی 5 سالہ معصوم بچی آیت نور کے، انصاف کے لیے برسرِپیکار، والدین کی زندگی میں خوشیوں کی نئی کرن لوٹ آئی ہے۔ طویل عرصے سے غم و اندوہ میں ڈوبے اس خاندان کے ہاں ننھی پری (بیٹی) کی پیدائش ہوئی ہے، جس سے گھرانے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
معصوم آیت نور کے والدین نے یہ خوشخبری سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے مداحوں اور ہمدردوں کے ساتھ شیئر کی ہے۔ انہوں نے اپنی مرحوم بیٹی کی یاد کو ہمیشہ کے لیے زندہ رکھنے کے لیے نومولود بیٹی کا نام بھی ’آیت نور‘ ہی رکھا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں جذباتی مناظر دیکھے جا سکتے ہیں جہاں والدین اپنی نومولود بچی کو گود میں لیے ہوئے ہیں۔ اس خبر کے منظرِ عام پر آتے ہی سوشل میڈیا صارفین کی ایک بڑی تعداد کی جانب سے متاثرہ خاندان کو مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ ملک بھر سے لوگ غم زدہ والدین کے لیے صبرِ جمیل اور ننھی بچی کی صحت، سلامتی اور طویل عمر کے لیے دعائیں کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ہری پور میں معصوم آیت نور کو شدید درندگی کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا گیا تھا، جس کے بعد سے سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں مجرموں کو کڑی سزا دلانے اور آیت نور کو انصاف فراہم کرنے کے لیے مسلسل آواز اٹھائی جا
