پی ٹی اے کا بڑا فیصلہ: غیر فعال اور منسوخ شدہ سمز پر چلنے والے واٹس ایپ اکاؤنٹس بند کرنے کا اعلان

l 774163 022009 updates

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) نے ملک بھر میں غیر فعال، منسوخ شدہ یا طویل عرصے سے زیرِ استعمال نہ رہنے والی سمز پر چلنے والے تمام واٹس ایپ (WhatsApp) اکاؤنٹس کو فوری طور پر بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد سائبر جرائم کا سداد اور شہریوں کے ڈیٹا کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

پی ٹی اے کے ترجمان کے مطابق، اتھارٹی کے مشاہدے میں یہ بات آئی ہے کہ جو موبائل نمبرز (سمز) بند یا منسوخ ہو چکے ہیں، ان پر بنے ہوئے واٹس ایپ اکاؤنٹس اب بھی فعال ہیں اور ان میں سے بیشتر اکاؤنٹس کو مختلف قسم کی غیر قانونی و مشکوک سرگرمیوں، مالیاتی فراڈ اور پراپیگنڈے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ایسے تمام اکاؤنٹس کو بلاک کرنے کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔

ٹیلی کام ریگولیٹر نے تمام صارفین کو سخت ہدایت جاری کی ہے کہ وہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹس کو فوری طور پر اپنے موجودہ اور فعال (ایکٹو) موبائل نمبرز پر منتقل (Migrate) کر لیں۔ پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کو صرف اپنے نام پر رجسٹرڈ اور فعال سمز پر ہی واٹس ایپ استعمال کرنے کی اجازت ہونی چاہیے تاکہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی صورت میں جوابدہی ممکن ہو سکے۔