کراچی اور ڈی جی خان ایئرپورٹس کی اپ گریڈیشن اور مسافر شکایات پر فوری کارروائی کا حکم
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (PAA) کے ہیڈکوارٹرز میں ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کی سربراہی میں ‘ای کچہری’ کا انعقاد کیا گیا، جس میں مسافروں کی شکایات کے ازالے سمیت ملک کے مختلف ایئرپورٹس کی اپ گریڈیشن اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔
ای کچہری کے دوران بتایا گیا کہ ڈیرہ غازی خان (ڈی جی خان) ایئرپورٹ کی ایئر سائیڈ اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل 2027 کے اختتام سے قبل متوقع ہے، جس کے بعد ڈی جی خان ایئرپورٹ پر A320 اور A321 جیسے بڑے طیاروں کے آپریشنز ممکن ہو سکیں گے۔ اس کے علاوہ، کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی مستقبل میں توسیع اور بڑے پیمانے پر تزئین و آرائش (Renovation) کی منصوبہ بندی بھی کر لی گئی ہے۔
کراچی ایئرپورٹ کے مسافروں کی سہولت کے لیے بتایا گیا کہ ریڈ لائن بس سروس مسافروں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرے گی، جس کے لیے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی پہلے ہی زمین اور این او سی (NOC) فراہم کر چکی ہے۔ مزید برآں، ڈی جی پی اے اے نے پشاور ایئرپورٹ تک مسافروں کی رسائی کو مزید بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
ای کچہری میں ڈی جی ورکس اینڈ ڈویلپمنٹ سمیر سعید نے مسافروں کی متفرق شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ان پر فوری کارروائی کی ہدایت کی۔ دوسری جانب، ڈپٹی ڈی جی ورکس اینڈ ڈویلپمنٹ نے ایئرلائن سروسز اور ایئرپورٹس پر کمرشل سہولیات سے متعلق مسافروں کی شکایات کا بغور جائزہ لینے اور ان کی مکمل تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
ای کچہری کے دوران اتھارٹی میں بھرتیوں میں تاخیر سے متعلق شکایات پر بھی غور کیا گیا۔ پی اے اے حکام نے واضح کیا کہ مشتہر کی گئی آسامیوں کے امتحانات (ٹیسٹ) ادارے میں جاری ریشنلائزیشن (تنظیمِ نو) کے اقدامات مکمل ہونے کے بعد منعقد کیے جائیں گے۔
