عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم: 5 روپے 58 پیسے کا اضافہ کردیا گیا، نوٹیفیکیشن جاری

WhatsApp Image 2026 09 09 at 5.33.00 PM

حکومت نے ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا ہے، جس کے تحت پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتیں مزید بڑھا دی گئی ہیں۔ وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق، نئی قیمتوں کا اطلاق 09 ستمبر 2026 سے فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق، پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 58 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی پرانی قیمت 358 روپے 77 پیسے سے بڑھ کر 364 روپے 35 پیسے فی لیٹر کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ دوسری جانب، عوامی اور مال بردار گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 4 روپے 18 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 381 روپے 77 پیسے سے بڑھ کر 385 روپے 95 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہونے والے اس حالیہ اضافے کے باعث ملک میں ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور روزمرہ کی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے، جس سے پہلے سے مہنگائی کی چکی میں پسی ہوئی عوام پر مالی بوجھ مزید بڑھ جائے گا۔