قائدِ اعظم کے یومِ وفات پر مزارِ قائد پر پروقار تقریب، گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ کی حاضری، فاتحہ خوانی
کراچی: بانیِ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے یومِ وفات کے موقع پر مزارِ قائد پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں گورنر سندھ محمد نہال ہاشمی اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شرکت کر کے قائدِ اعظم کو عقیدت کا نظرانہ پیش کیا۔ مزارِ قائد آمد پر صوبائی کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ حکام نے وزیراعلیٰ سندھ کا استقبال کیا، جس کے بعد وزیراعلیٰ نے مزار پر تشریف لانے والے گورنر سندھ کا خود خیرمقدم کیا۔
تقریب کے دوران گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ کو مزارِ قائد پر پولیس کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے بابائے قوم کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مزارِ قائد پر رکھی گئی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے اور بانیِ پاکستان کے اصولوں پر عمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
