پی ٹی آئی آزاد عدلیہ کے لیے مارچ کر رہی ہے، بیرسٹر گوہر
لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی ملک میں آزاد عدلیہ اور آزاد الیکشن کمیشن کے قیام کے لیے مارچ کر رہی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ بار میں منعقدہ وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے شکوہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو جھوٹے مقدمات میں جیل میں رکھا گیا ہے، انہوں نے مقتدر حلقوں پر زور دیا کہ ہمیں دیوار کے ساتھ نہ لگایا جائے۔ بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا تھا کہ صوبوں کے تحفظات یا دیگر اہم قومی مسائل کے حل کے لیے اسمبلی کے اندر تفصیلی بحث کرائی جائے۔
کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سینیئر قانون دان حامد خان نے کڑی تنقید کی اور کہا کہ 26 ویں اور 27 ویں آئینی ترمیم کا مقصد صرف اور صرف عدلیہ کو اپنے کنٹرول میں لانا تھا۔ انہوں نے اعتراض اٹھایا کہ جن لوگوں کو منصف لگایا جا رہا ہے وہ انصاف دینے کے قابل ہی نہیں ہیں۔ حامد خان نے وزیر داخلہ کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اگر وزیر داخلہ خود کہتے ہیں کہ نظام فیل ہو گیا ہے تو پھر وہ اپنی سیٹ پر کیوں بیٹھے ہیں۔
