بجلی کا بل دینے کے لیے نوجوان بائیک بیچنے گیا تو 70 ہزار روپے کے ای چالان نکل آئے، معاف کرنے کی اپیل
لاہور: مہنگائی اور بھاری بجلی کے بلوں سے پریشان ایک شہری کے ساتھ انوکھا اور دردناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں بجلی کا بل ادا کرنے کے لیے اپنی موٹر سائیکل بیچنے والے نوجوان پر ٹریفک پولیس کی جانب سے 70 ہزار روپے کا ای چالان بم گرا دیا گیا۔ متاثرہ نوجوان نے اپنی مجبوری کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے یہ بھاری جرمانہ معاف کرنے کی اپیل کی ہے۔
متاثرہ نوجوان کا کہنا ہے کہ وہ گھر کا بجلی کا بل ادا کرنے کی سکت نہیں رکھتا تھا، جس کے باعث اس نے مجبور ہو کر اپنی موٹر سائیکل بیچنے کا فیصلہ کیا۔ تاہم جب وہ بائیک کی فروخت کے لیے ضروری کاغذی کارروائی اور ریکارڈ چیک کروانے پہنچا تو معلوم ہوا کہ ٹریفک قوانین کی مبینہ خلاف ورزیوں پر اس کی بائیک پر پہلے سے ہی 70 ہزار روپے کے ای چالان واجب الادا ہیں۔ اس صورتحال نے نوجوان کو شدید ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیا ہے، کیونکہ بائیک کی کل مالیت سے بھی زیادہ کا چالان سامنے آنے کے بعد وہ بائیک بیچنے اور بجلی کا بل دینے سے بھی قاصر ہو گیا ہے۔ نوجوان نے اعلیٰ حکام سے معاملے کا نوٹس لینے اور چالان معاف کرنے کی درخواست کی ہے۔
