کراچی: جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑی چلانا مہنگا پڑ گیا، ایس ایچ او یوسف پلازہ وقار اعوان معطل اور عہدے سے برطرف

WhatsApp Image 2026 09 11 at 12.12.04 PM

کراچی: شہرِ قائد کے ریڈ زون میں آرٹلری میدان کے قریب یوسف پلازہ کے ایس ایچ او وقار اعوان کو جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑی چلاتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، سیف سٹی کیمروں نے آرٹلری میدان تھانے کی حدود میں اس مشکوک اور جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑی کی نشاندہی کی، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے گاڑی کو روک لیا۔ گاڑی میں خود ایس ایچ او یوسف پلازہ وقار اعوان سوار تھے۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو پہلے آرٹلری میدان تھانے منتقل کیا اور بعد ازاں اسے اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) بھیج دیا گیا۔ ترجمان پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے پر وقار اعوان کو ایس ایچ او کے عہدے سے فوری طور پر ہٹا کر معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ ان کے خلاف سخت محکمہ جاتی کارروائی کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔ معطل ایس ایچ او سے اس وقت پولیس حکام کی جانب سے تفصیلی تفتیش کی جا رہی ہے۔