خیبرپختونخوا میں طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کے لیے مفت الیکٹرک اسکوٹیز کی منظوری

WhatsApp Image 2026 09 02 at 9.25.04 PM

پیشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کی طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مفت الیکٹرک اسکوٹیز اسکیم کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ کے پی کے سہیل آفریدی کی زیرِ صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں اس منصوبے کو حتمی شکل دیتے ہوئے حکام کو اس پر فوری عملدرآمد کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

حکومتی بریفنگ کے مطابق، اس فلاحی منصوبے کے پہلے مرحلے میں پشاور کی کالج و یونیورسٹی کی طالبات اور نوکری پیشہ خواتین کو مفت اسکوٹیز فراہم کی جائیں گی۔ پشاور میں اس پائلٹ فیز کی کامیابی کے بعد، اگلے مراحل میں اس اسکیم کا دائرہ کار صوبے کے دیگر اضلاع تک بڑھایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اس سے مستفید ہو سکیں۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ الیکٹرک اسکوٹیز کی فراہمی سے خواتین کو تعلیم اور روزگار کے حصول کے لیے محفوظ اور آسان سفری سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ ماحول دوست الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے نہ صرف پبلک ٹرانسپورٹ کے مسائل کم ہوں گے بلکہ فضائی آلودگی پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔