عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں کمی
کراچی (ویب ڈیسک): بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں مندی کے رجحان کے باعث پاکستان بھر کے صرافہ بازاروں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ کاروباری ہفتے کے پہلے روز عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 24 ڈالر کی کمی کے بعد 4 ہزار 406 ڈالر کی سطح پر آ گئی۔ عالمی مارکیٹ میں ہونے والی اس گراوٹ کے براہِ راست اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی دیکھے گئے، جہاں فی تولہ سونا 2 ہزار 400 روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 63 ہزار 136 روپے کا ہو گیا ہے۔
اسی طرح مقامی صرافہ بازاروں میں 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 2 ہزار 58 روپے کی کمی واقع ہوئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 97 ہزار 64 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔ سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کے خریداروں کے لیے بھی ریلیف سامنے آیا ہے، جہاں مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی کی قیمت 39 روپے کی گراوٹ کے بعد 7 ہزار 59 روپے جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 34 روپے کم ہو کر 6 ہزار 51 روپے ریکارڈ کی گئی ہے۔
