سپریم کورٹ نے عدالتی فیصلوں کی مصدقہ نقول کے لیے نیا ڈیجیٹل پورٹل لانچ کر دیا
اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے سائلین اور وکلاء کو بڑی سہولت فراہم کرتے ہوئے عدالتی فیصلوں اور حکم ناموں کی ڈیجیٹل مصدقہ نقول (Certified Copies) کے حصول کے لیے ایک نیا آن لائن پورٹل باقاعدہ طور پر لانچ کر دیا ہے۔
سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کردہ آفیشل سرکلر کے مطابق، عدالتی فیصلوں کی ڈیجیٹل سرٹیفائیڈ کاپی اب عدالتِ عظمیٰ کے پبلک فسیلیٹیشن پورٹل پر دستیاب کر دی گئی ہے۔ اس جدید ترین آن لائن نظام کی مدد سے اب کوئی بھی سائل، درخواست گزار یا وکیل گھر بیٹھے کسی بھی عدالتی فیصلے یا حکم نامے کی قانونی طور پر مصدقہ نقل آن لائن حاصل کر سکے گا۔ سرکلر میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ کوئی بھی سائل پورٹل کے ذریعے کسی بھی پرانے یا نئے فیصلے کی تصدیق شدہ کاپی کے لیے براہِ راست آن لائن درخواست جمع کرا سکتا ہے۔
عدالتِ عظمیٰ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس ڈیجیٹل سروس کا بنیادی مقصد فیصلوں کی نقول کے حصول میں روایتی طریقہ کار کی وجہ سے ہونے والی طویل تاخیر، دفتری رکاوٹوں اور سرخ فیتہ شاہی کا خاتمہ کرنا ہے۔ اس ڈیجیٹل سہولت کے آغاز سے مصدقہ نقول کے حصول کا پورا عمل انتہائی آسان، تیز رفتار، شفاف اور مؤثر ہو جائے گا، جس سے سائلین کے وقت اور پیسے کی بچت ہوگی۔
