امریکہ میں پاکستانی کال سینٹر کے ذریعے 703 ملین ڈالرز کا فراڈ بے نقاب
واشنگٹن: امریکہ میں پاکستانی کال سینٹر نیٹ ورک کے ذریعے 703 ملین ڈالرز کا میگا میڈیکیئر فراڈ سامنے آنے کے بعد امریکی سیکیورٹی حکام نے چار پاکستانی ملزمان کو مطلوب اور اشتہاری قرار دے دیا ہے۔
امریکی محکمہ صحت (HHS-OIG) اور وزارتِ انصاف کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، ان مفرور ملزمان نے پاکستان میں قائم ایک مبینہ غیر قانونی کال سینٹر کا نیٹ ورک استعمال کیا۔ ملزمان نے اس نیٹ ورک کی مدد سے لاکھوں امریکی شہریوں کے خفیہ شناختی اور طبی نمبرز چوری کیے۔ بعد ازاں، ان چوری شدہ ڈیٹا کی بنیاد پر امریکی حکومت کے صحت کے پروگرام ‘میڈیکیئر’ کو طبی سامان، وہیل چیئرز اور مختلف تشخیصی ٹیسٹ کٹس کی مد میں لاکھوں فرضی اور جعلی کلیمز جمع کرائے گئے، جس سے امریکی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔
امریکی تحقیقاتی اداروں اور وفاقی استغاثہ نے ان چاروں پاکستانی ملزمان کی تصاویر جاری کرتے ہوئے عالمی سطح پر عوام سے ان کی گرفتاری کے لیے معلومات فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ امریکی حکام کو شدید خدشہ ہے کہ یہ مفرور ملزمان اس وقت پاکستان یا متحدہ عرب امارات (UAE) میں روپوش ہیں اور قانون سے بچنے کے لیے اپنے ٹھکانے بدل رہے ہیں۔
